50 فیصد سے زائد بھارتی ایرانی کسانوں کی اولاد ہیں

یہ جان کر آپ کو حیرت ہوگی کہ جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت کے 50 فیصد سے زیادہ لوگ اصل میں ایرانی کسانوں کی اولاد ہیں۔ یہ ایرانی کسان تقریباً 5 سے 7 ہزار سال پہلے ایران سے ہندوستان آئے اور یہاں کھیتی باڑی شروع کی۔ مطلب یہ کہ بھارتیوں کی ایک بڑی تعداد کے آبا و اجداد قدیم ایرانی تھے۔
یہ دلچسپ تحقیق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے کے ماہر جینیات، ایلسی کرڈوتکف اور ان کی ٹیم نے کی۔ انہوں نے بھارتی افراد کے جینز کا موازنہ دنیا بھر کے ڈیٹا سے کیا اور حیران کن نتائج حاصل کیے۔ پچھلے 30 سالوں میں لاکھوں بھارتی شہریوں کے جینز جمع کیے گئے تاکہ ان کے اصل آباؤ اجداد کا پتا لگایا جا سکے۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بھارتیوں میں دوسرے نمبر پر وسطی ایشیا سے آنے والے قبائل کے جینز پائے جاتے ہیں، جنہیں “آریہ” کہا جاتا ہے۔ انہی لوگوں نے بھارت میں ذات پات کا نظام بنایا۔ تیسرے نمبر پر افریقی شکاریوں کے جینز ہیں، جو تقریباً 50 ہزار سال پہلے بھارت آئے تھے۔
جب ایرانی اور افریقی نسلیں آپس میں ملیں تو انہوں نے مل کر سندھ کی قدیم تہذیب کی بنیاد رکھی۔ لیکن بعد میں یورشین اسٹیپی کے جنگجو قبائل نے اس تہذیب کو برباد کر دیا، اور اس کے باشندے جنوبی ہند کی طرف ہجرت کر گئے۔
اگر ہم پاکستانیوں کے جینز کا تجزیہ کریں، تو ممکن ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد کی جڑیں بھی ایرانی اور عرب نسل سے جا ملیں۔ یہ تحقیق ہمارے ماضی کو سمجھنے کا ایک نیا دروازہ کھولتی ہے۔